سندھ اسمبلی نے رات گئے آئندہ مالی سال کا 1713 ارب روپے سے زائد کا بجٹ منظور کرلیا۔
خیال رہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روزصبح 11 بجے سے جاری تھا، اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے 4 گھنٹے 50 منٹ طویل خطاب کیا اور حکومت پر کڑی تنقیدکی۔
وزیربلدیات سندھ ناصر شاہ نے حلیم عادل شیخ پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ ان کے خطاب میں مواد کم اور ذہنی خناس زیادہ تھا۔
تاریخ تبدیل ہونے پر پیر کی صبح 11 بجے شروع ہونے والا اجلاس رات 11 بج کر 55 منٹ پر ملتوی کرکے رات 12 بجے دوبارہ شروع کرایا گیا۔
تاریخ تبدیل ہونے کے بعد دوبارہ اجلاس میں تلاوت قرآن پاک کی گئی اور پھر صرف 15 منٹ میں آئندہ مالی سال کا 1713 ارب روپے سے زائد کا بجٹ منظور کرلیا گیا۔
اپوزیشن ارکان کی کٹوتی کی تحاریک ارکان کی عدم موجودگی کے باعث مسترد کردی گئیں۔
بجٹ منظوری کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ یکم جولائی دوپہر ڈھائی بجے تک ملتوی کردیا گیا۔