91 فیصد پاکستانیوں کے گھر کا کوئی شخص بیرون ملک ملازمت نہیں کرتا البتہ 9 فیصد شہریوں کے گھر کا کوئی نہ کوئی فرد بیرون ملک کام کرتا ہے۔
اس بات کا انکشاف عوامی آرا جاننےکے حوالے سے معروف ادارے گیلپ پاکستان کے نئے سروے میں ہوا ہے۔
گیلپ پاکستان کے سروے میں 12 سو سے زائد افراد نے ملک بھر سے حصہ لیا۔یہ سروے 30 مئی سے 13جون 2022 کے درمیان کیا گیا۔
گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق 91 فیصد پاکستانیوں نے گھر کے کسی فرد کے بیرون ملک کام نہ کرنے کا بتایا ہے جبکہ 9 فیصد پاکستانیوں نے گھر میں سے کسی شخص کے بیرون ملک کام کرنے کا کہا۔
سروے کے مطابق سب سے زیادہ خیبر پختونخوا سے 20 فیصد، پنجاب سے 9 فیصد، بلوچستان سے 5 فیصد جبکہ سندھ سے 4 فیصد افراد نے گھر کے کسی فرد کے بیرون ملک ملازمت کرنے کا بتایا ۔
سروے میں سوال کیا گیا کہ بیرون ملک کام کرنے والے افراد کس ملک میں ہوتے ہیں ؟ اس پر 43 فیصد نے دبئی جبکہ 33 فیصد نے سعودی عرب کا نام لیا۔
اس کے علاوہ 5 فیصد افراد نے آسٹریلیا، 3 فیصد نے قطر، 2،2 فیصد نے برطانیہ اور امریکاجبکہ ایک فیصد نے کینیڈاکا کہا۔
گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق 1 فیصد سے کم افراد نے ملائیشیا اور جرمنی میں ان کے گھر کے کسی فرد کے کام کرنے کا کہا جبکہ 10 فیصد نے دیگر ملکوں کے نام لیے۔