راجن پور میں کچے کے انتہائی مطلوب اور گینگ کے سربراہ 3 ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرنڈر کردیا۔
راجن پور کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن کی تیاریاں جاری ہیں تاہم کچھ روز قبل اشتہاری جرائم پیشہ ڈاکوؤں کی طرف سے محکمہ پولیس کے افسران کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپیل کی گئی تھی۔
اپیل میں ڈاکوؤں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے آپ کو قانون کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتے ہیں ان کے ساتھ انصاف کیا جائے جس کےبعد آج انتہائی مطلوب 3 ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرنڈر کردیا ۔
ڈی پی او احمد محی الدین کے مطابق سرنڈر کرنے والے ڈاکو گینگ کے سربراہ تھے اور انہوں نے تھانہ سونمیانی میں اسلحے کے ساتھ پیش ہوکر گرفتاری دی۔
پولیس کے مطابق گرفتاری دینے والوں میں پاندھی عمرانی، پنوں خان اور مولا بخش شامل ہیں، تینوں ملزمان قتل ،اغوا اور ڈکیتی کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔