مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مونس الٰہی کے ہمراہ حسین الٰہی بھی شامل تھے جس میں عمران خان کو پی ٹی آئی اور ق لیگ کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ پارلیمانی قوت اور اکثریت پی ٹی آئی کے ساتھ ہے،انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی انتظامی کوشش برداشت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا فیصلہ آج ہوگا، مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الہٰی پھر آمنے سامنے ہیں۔
دونوں طرف سے کامیابی کے پیشگی دعوے بھی کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج 4 بجے طلب کیا گیا ہے، پنجاب اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ بند ہوگا، میڈیا پریس گیلری سے کوریج کرے گا، موبائل فون لے جانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے نومنتخب 15، مسلم لیگ ن کے 3 اور ایک آزاد رکن نے حلف اٹھا لیا جو ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔