کراچی میں ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری، شہر کے کئی علاقے تاحال زیر آب

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیزبارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ شہر کے انڈرپاسز سمیت کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہے۔

کراچی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب بھی کئی علاقوں میں ہلکی تیز بارش ہوئی جب کہ منگل کی صبح سے بھی شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈیفنس فیز فور کی سڑکوں اور گھروں میں بارش کا پانی جمع ہے جب کہ خیابان نشاط،کمرشل ایریا اور فیز6 کےکچھ علاقوں میں بھی بارش کا پانی تاحال جمع ہے۔

اولڈ سٹی ایریا اور ٹاور کے مقام پر بھی بارش کا پانی جمع ہے جب کہ گلشن اقبال 13 ڈی کا نالہ اوور فلو ہوگیا، یونیورسٹی روڈپر نیپا پل اور وفاقی اردو یونیورسٹی کےسامنے پانی موجود ہے۔

کلفٹن میں سب میرین انڈر پاس میں بارش کاپانی جمع ہے جس کے باعث انڈر پاس بند ہے، خیابان شہباز سے اتحاد جانے اور آنے والے دونوں ٹریک پر پانی ہے، خیابان راحت میں بھی برساتی پانی کھڑا ہے اور نکاسی نہیں ہوسکی ہے جب کہ خیابان راحت کی گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں، بخاری کمرشل ایریا پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث گرومندر چوک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرمیں بدھ تک معتدل اورکہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں