یوٹیوبر زید علی خوفناک حادثے کا شکار

کینیڈین نژاد پاکستانی یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی خطرناک حادثے کا شکار ہوگئے۔

زید علی نے مداحوں کو خود یہ خبر سوشل میڈیا کے ذریعے دی اور انہوں نے انسٹاگرام پر بتایا کہ ‘گزشتہ کچھ دن میری زندگی کے مشکل ترین دنوں میں سے تھے، حال ہی میں مجھے ایک خوفناک حادثے کا سامنا کرنا پڑا’۔

زید علی نے لکھا کہ ‘اس حادثے میں میرے سر پر چوٹ لگی جو انتہائی خطرناک ثابت ہوئی، جب میں بے ہوشی سے اٹھا تو مجھے بتایا گیا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کے سر کے اندرونی حصے میں خون نہیں بہا ‘۔

یوٹیوبر نے بتایا کہ ‘میرا سر فی الحال خراب ہے اور سوجن بھی ہے، مجھے کھانے پینے میں مسائل کا سامنا ہے کیونکہ مسلسل الٹیاں ہورہی ہیں، مجھے یاد ہے شروع میں جب یہ حادثہ پیش آیا تو مجھے اس قدر تکلیف تھی کہ اللہ سے میں دعا کررہا تھا کہ مجھ سے چاہے ہر چیز لے لے لیکن یہ درد ٹھیک کردے’۔

زید علی نے مزید لکھا کہ ‘اب کچھ دن بعد مجھے احساس ہورہا ہے کہ صحت بہت بڑی نعمت ہے جسے ہم نظر انداز کررہے ہوتے ہیں، اگر آپ صحت مند ہیں تو آپ کے پاس دنیا کی ہر چیز موجود ہے’۔

زید نے اپنی صحت کے حوالے سے بتایا کہ ‘ڈاکٹرز کے مطابق میں 7 سے 8 دنوں میں اپنی زندگی معمول کے مطابق شروع کرسکتا ہوں لیکن مجھے مکمل ٹھیک ہونے میں مہینے لگیں گے’۔

یوٹیوبر نے تمام صارفین سے اپنے لیے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں