وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی آج پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پرویزالٰہی نے رات گئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھانے کے بعد اسلام آباد میں ہی قیام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی صبح عمران خان سے ملاقات میں پنجاب میں اسپیکر،کابینہ اور دیگر اہم تقرریوں کے لیےمشاورت کریں گے۔اس کے علاوہ سیاسی اور عوامی مسائل پر ڈلیور کرنے کے لیے ٹاسک بھی طے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی عمران خان سے ملاقات کے بعد آج دوپہر اسلام آباد سے واپس لاہور آئیں گے جس کے بعد وہ باضابطہ طور پر عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ پرویز الہٰی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
گورنر پنجاب کی جانب سے حلف لینے سے انکار کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی سے حلف لیا۔
اس سے قبل چوہدری پرویز الٰہی حلف برداری کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے۔