افغان طالبان اور ایرانی سرحدی گارڈز کے درمیان خونریز تصادم

افغانستان اور ایران کی سرحد پر طالبان اور ایرانی سرحدی گارڈز کے درمیان خونریز تصادم میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبے نمروز اور ایران کے صوبے ہرمند کے درمیان سرحدی علاقے میں طالبان اور ایرانی سرحدی گارڈز کے درمیان مسلح جھڑپ میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔

افغان طالبان کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز ہونے والے سرحدی تصادم کے نتیجے میں ان کا ایک ساتھی ہلاک ہوا جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے کو واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔

نمروز کے پولیس ترجمان نے بھی افغان طالبان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم حالیہ مسلح تصادم کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

تاہم ایران کے خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب افغان طالبان کی جانب سے اس علاقے میں جھنڈا لگانے کی کوشش کی گئی جو ان کی ملکیت نہیں ہے، جس پر ایرانی سرحدی گارڈز کی جانب سے بھرپور ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں