گلوکار عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر میوزک ویڈیو پوسٹ کرنے پر معافی مانگ لی ۔
عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر اپنے نئے گانے ‘حبیبی’ کی ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے ہمراہ دبئی کے معروف سوشل میڈیا اسٹار عدنان ظفر المعروف کین ڈول تھے۔
ویڈیو میں دونوں گلوکار اور عدنان ظفر گانے سے محظوظ ہوتے دکھائی دیے۔
تاہم بعدازاں عاصم اظہر نے اپنے اکاؤنٹ سے ویڈیو ڈیلیٹ کردی اور اسٹوری پر معافی کے ساتھ وضاحت پیش کی۔
انہوں نے لکھا ‘مجھے معاف کردیں، اندازہ نہیں ہوا کہ آج رات سے محرم کا آغاز ہوچکا ہے، میں ہمیشہ محرم میں کچھ بھی پوسٹ کرنے سے گریز کرتا ہوں اور خاص طور پر اس ماہ کے شروع کے دس دن’۔
گلوکار نے کہا ‘یہ ہی وجہ ہے کہ میں نے اپنی حال ہی میں پوسٹ کی جانے والی ویڈیو ڈیلیٹ کردی ہے، میں آپ لوگوں سے اب کچھ دن بعد ملوں گا’۔
واضح رہے کہ عاصم اظہر کا نیا گانا حبیبی ناصرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی کافی مشہور ہورہا ہے اور یوٹیوب پر اس گانے کو محض تین ہفتوں میں 60 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔