حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 72 پیسے اضافہ کردیا

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا۔

وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافےکے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233 روپے 91 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 244 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 67 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 199 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 43 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 191 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی قیمتوں میں تقریباً 4 ڈالر فی بیرل سے زائد کمی ہوئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 4.35 ڈالر کم ہوکر 93.80 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 4.23 ڈالر کمی کے بعد 87.86 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔امریکی خام تیل کی قیمت 5.2 فیصد کمی کے بعد 87 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

برینٹ تیل کی قیمت بھی 5 فیصد کم ہو کر 93 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں