چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کراچی میں مزید موسلار دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ مون سون سسٹم کی شدت برقرار ہے، سسٹم کا کچھ حصہ راجستھان اور مشرقی سندھ پر موجود ہے جب کہ سسٹم کا پھیلاؤ وسطی سندھ اور بلوچستان تک آرہا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ آج بھی کراچی سمیت مشرقی سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جس سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، کراچی میں رات تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ کل رات تک سسٹم کے زیر اثر سندھ کے بیشتر مقامات پر بارش رہےگی۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بارش 20 اگست کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ بلوچستان میں 21 اگست کی شام یا رات تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔