چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری اور عمران خان کے قانونی مشیر بابر اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی۔
قبل ازیں وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی بھی اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے اور ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قبل از گرفتاری ضمانت کا معاملہ ہے اس لیے عدالت آئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کے خلاف پولیس افسران اور خاتون جج کو دھمکی دینے پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں ان کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ وزارت داخلہ نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے وزیراعظم ہاؤس سے تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔