اسلام آباد ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں مسلم لیگ ن کے 13 رہنماؤں کی ضمانت منطور کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس، جسٹس عامر فاروق نے لیگی رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں عطا تارڑ، رانا مشہود، سیف الملک کھوکھر اور اویس لغاری سمیت 13 لیگی رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے عادل چٹھہ، خضر حیات، غلام حبیب اعوان، منان خان، میاں عبدالرؤف، محمد مرزا جاوید، راجہ صغیر، صہیب ملک اور بلال فاروق تارڑ کی بھی ضمانت منظور کی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی 14 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 25، 25 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل 13 لیگی رہنماؤں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔