ملک میں فالتو چینی موجود ہے، اسے برآمد کیا جائے: شوگر ملز ایسوسی ایشن

چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے چینی کی برآمد کا فوری فیصلہ نہ کیا تو کسانوں کو ادائیگیاں مشکل ہوجائیں گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان میں اس سال ریکارڈ 8 ملین ٹن چینی کی پیداوار ہوئی ہے، 2 ملین ٹن فالتو چینی شوگر ملوں نے بنائی جب کہ ماہانہ کھپت 5 لاکھ ٹن ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی 90 روپے فی کلو قیمت کی گارنٹی دیتے ہیں، اس وقت 2 سے 3 ملین ٹن فالتو چینی موجود ہے، گنے کی پیداواری لاگت بڑھ چکی لہٰذا فالتو چینی فوری ایکسپورٹ کی جائے، چین ہماری چینی خریدنے کا خواہشمند ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری کی باتیں پرانی ہوچکیں، ایف بی آر کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے، حکومت انڈسٹری کو بحران سے بچانے کے لیے بروقت اہم فیصلے کرے ،ہم پاکستان کو فوری طور پر 2 ارب ڈالر زرمبادلہ دلا سکتے ہیں۔

انہوں نےمزید کہا کہ ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں لیکن ملکی مفاد میں فالتو چینی پر فوری پالیسی آنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں