پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ شوکاز نوٹس کا مطلب یہ ہے کہ آپ آکر اپنے بیان کی وضاحت کریں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی نیت عدالت کی توہین کرنا نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت کے سامنے اپنے بیان کی وضاحت کریں گے تو امید ہے کہ یہ بات واضح ہوجائے گی کہ اس پر توہین عدالت نہیں بنتی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکانے کے معاملے پر توہین عدالت کیس میں عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین سے زائد ججز پر مشتمل لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا جب کہ عدالت نے عمران خان کو 31 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔