بھارت میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں دوستی سے انکار کرنے پر شہری نے لڑکی کو آگ لگادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جھارکنڈ میں پیش آیا،آگ لگنے کے باعث 19 سالہ طالبہ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ لڑکی کا 90 فیصد جسم جھلس چکا ہے اور اس کی حالت تشویش ناک ہے۔
رپورٹس کے مطابق ملزم شاہ رخ نے لڑکی پر پیٹرول چھڑک کر اس وقت آگ لگائی جب وہ گھر میں سورہی تھی تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم شاہ رخ ایک کنسٹرکشن ورکر ہے۔ملزم کا کہنا ہے کہ وہ کافی عرصے سے لڑکی سے دوستی کرنا چارہا تھا لیکن وہ بار بار انکار کردیتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جس رات واقعہ پیش آیا اس روز شاہ رخ نے لڑکی کو کال کی اور دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دوستی نہیں کرے گی تو وہ اسے جان سے مار دے گا۔
دھمکی ملنے کے بعد لڑکی نے اپنے والد کو بتایا تاہم ان کی جانب سے کہا گیا کہ وہ صبح شاہ رخ کے گھر والوں سے بات کریں گے اور پھر سب سوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رات کو شاہ رخ گھر میں کودا اور لڑکی پر دور سے پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی،جب لڑکی صبح اٹھی تو اس کی کمر میں شدید تکلیف تھی اسے محسوس ہوا کہ آگ لگی ہوئی ہے اس دوران اس نے شاہ رخ کو گھر سے بھاگتے ہوئے دیکھا۔
شدید تکلیف کے باعث لڑکی نے چیخنا شروع کیا جس پر گھر کے تمام افراد اُٹھ گئے اور اسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔