وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کن صورت حال جاری ہے لیکن اس مشکل گھڑی میں خیبرپختونخوا (کے پی) کی حکومت نے سیاست کرتے ہوئے آئی ایم ایف سے معاہدے کی شرط پر عمل سے انکار کر دیا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کے پی کے وزیرخزانہ تیمور جھگڑا کا وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو لکھا ہوا خط پاکستان کو معاشی بحران کے سیلاب میں ڈبونے کی چال ہے۔
مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ عمران خان تھا جس نے آئی ایم ایف کے ساتھ کڑی شرائط پر معاہدہ کیا، پاکستان کی معیشت کے ہاتھ پاؤں باندھے، پھر خود ہی اس معاہدے کی خلاف ورزی کی اور پروگرام معطل کرادیا۔
حکومتی اتحاد کے مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سبسڈی دے کر پاکستان کی معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھا دیں تاکہ پاکستان معاشی طور پر دیوالیا ہوجائے۔
بیان کے مطابق حکومت انتہائی مشکل فیصلے کرنے پر اس لیے مجبور ہوئی کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جائے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سازش کو ناکام بنائیں گے اور پاکستان کی معاشی خودمختاری کا دفاع کریں گے۔