پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے قدموں میں ہی سیاسی جنت ہے، صحت اجازت دیتی تو سیلاب متاثرین کے پاس ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارش کی وجہ سے صورت حال انتہائی تکلیف دہ ہے، سیلاب متاثرین سے وعدہ ہے کہ ان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، پیپلز پارٹی کے وزرا اور ارکانِ اسمبلی اپنے حلقوں کے عوام کے درمیان رہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست بعد میں ہوتی رہے گی یہ سیلاب متاثرین کی بھرپور خدمت کا وقت ہے، حکومت سیلاب کے متاثرین کی دوبارہ بحالی کی ذمے داری ضرور پوری کرے گی۔