لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے لیے وقف کرنے جب کہ پنجاب کابینہ کے ارکان نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کیا ہے۔
چوہدری پرویزالٰہی نے کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں دیگر دوسرے صوبوں کے بھی ساتھ کھڑے ہیں، گھروں، فصلوں اور لائیو اسٹاک کے نقصان کا ازالہ کریں گے، ہر حقدار کو اس کا حق دیاجائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں ادویات اور میڈیکل اسٹاف بھجوائیں گے، متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ، خوراک کے پیکٹ او ردیگر ضروری سامان مہیا کیاجائے گا۔
دوسری جانب پنجاب کابینہ کے ارکان نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کیا ہے اور کابینہ نے سیلاب سے متاثرہ دیگر صوبوں کی ضروریات بھی پوری کرنے کا فیصلہ کیا۔