ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس میں اب تک 29 افراد جان سے جا چکے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے کمشنر ہاؤس میں صوبائی وزیربلدیات فیصل امین گنڈہ پور اور کمشنر عامر آفاق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب اور بارشوں سے 10 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، ضلع بھر میں مواصلات اور زراعت کا نظام تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ایک ہزار سے زائد مویشی ہلاک، 40 ہزار گھر اور 236 گاؤں تباہ ہوگئے، ضلع میں 31اسکولز متاثر ہوئے جب کہ شاہراہوں اور لنک روڈز کو بھی غیر معمولی نقصان پہنچا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن کئی ماہ تک جاری رہے گا، این ایچ اے بھی انتظامیہ کے ساتھ آن بورڈ ہے جب کہ صوبائی حکومت کو تمام تر صورتحال سے آگاہ رکھا جارہا ہے۔