امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل ایرک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم بھیج رہے ہیں۔
جنرل مائیکل ایرک نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفونک رابطے میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
سینٹرل کمانڈ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی ٹیم سیلاب کی تباہ کاریوں اور دیگر امور کا جائزہ لے گی اور یو ایس ایڈ کی امداد کے امور طے کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر کی بھی ملاقات ہوئی جس میں برطانوی ہائی کمشنر نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے مشکل وقت میں پاکستان کو مدد کی پیشکش بھی کی۔
آرمی چیف نے سیلاب زدگان کے لیے برطانیہ کی امداد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عالمی شراکت داروں کی امداد سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی میں اہم ہوگی۔