’صرف اللہ سے ہوتا ہے‘، بھارت کو دھول چٹانے کے بعد رضوان کی ٹوئٹ وائرل

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کو شکست دینے کے بعد کی گئی ٹوئٹ وائرل ہو گئی۔

ٹوئٹر پر اپنی تصویر کے ہمراہ مقابلے کی مختلف تصاویر شیئر کرتے ہوئے محمد رضوان نے ایک پیغام جاری کیا۔

شیئر کی گئی تصاویر میں سے ایک میں رضوان کو مقابلے کے دوران اسٹیڈیم میں ہی ہاتھ اٹھا کر دعا مانگتے جبکہ دیگر تصاویر مختلف مراحل میں قومی ٹیم کے خوشی کے اظہار کی ہیں۔

شیئر کی گئی ٹوئٹ میں رضوان نے لکھا کہ’صرف اللہ سے ہوتا ہے، جیت ہو یا ہار ہو ہم نے اس گیم کو انجوائے کرنا ہے، آخری بال تک لڑنا ہے‘۔

محمد رضوان نے اپنی ٹوئٹ میں واضح کیا کہ’اگر اللہ ہمیں جیت عطا کر دے تو کبھی ایسی باتیں یا ایسا انداز نہیں اپنانا جس سے تکبر جھلکتا ہو‘۔

پاکستانی بیٹر نے اپنے پیغام میں ٹیم کو شاندار مقابلے میں فتح پر مبارکباد بھی دی۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے گزشتہ روز دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ میچ میں ہار کا حساب برابر کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں