سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ ٹیسٹ کی کپتانی چھوڑنے کے بعد مجھے صرف ایک انسان مہندر ا سنگھ دھونی کا پیغام آیا تھا۔
ویرات کوہلی نے یہ انکشاف ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کیا اور کہا کہ میں دھونی کے علاوہ بہت سے دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا ہوا ہوں لیکن ٹیسٹ کی کپتانی چھوڑنے پر مجھے صرف انہوں نے پیغام بھیجا۔
کوہلی کا کہنا تھا کہ میرا فون نمبر بہت سے لوگوں کے پاس ہے لیکن کسی اورکا کوئی پیغام نہیں آیا، ٹی وی پر بھی بہت لوگ تجاویز دیتے ہیں، ٹی وی پر بیٹھ کر بولنے کے لیے لوگوں کے پاس بہت کچھ ہوتا ہے۔
بھارتی کھلاڑی کے مطابق اگر میں نے کسی کے بارے میں کچھ بولنا ہے یا مدد کرنی ہے تو میں انفرادی طور پر اس تک پہنچتا ہوں، اگر آپ تجاویز پوری دنیا کے سامنے دیں گے تو اس کی اہمیت میرے لیے نہیں ہے، اگر میری بہتری کے لیے کوئی چیز ہے تو آپ وہ بات میرے ساتھ انفرادی طور پر بھی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ کوئی عزت والا تعلق ہوتا ہے تو وہ ویسے ہی دکھائی دیتا ہے، ایسے حقیقی تعلق میں سکیورٹی ہوتی ہے کیونکہ نہ مجھے ان سے کچھ چاہیے ہوتا ہے اور نہ انہیں مجھ سے کچھ چاہیے ہوتا ہے، دھونی نہ مجھ سے کبھی غیر محفوظ تھے اور نہ میں غیرمحفوظ تھا۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا میں ہمیشہ ایمانداری کے ساتھ کھیلا ہوں اور چیزوں کو اسی طرح دیکھتا ہوں، دینے والا صرف اوپر والا ہے، آپ ہاتھ پاؤں چاہے جتنے مار لو دینا اوپر والے نے ہے اور کوئی کچھ نہیں کر سکتا، میں تو اپنی زندگی ایسے ہی گزارتا ہوں، جب تک میں کھیلوں گا ایسے ہی کھیلوں گا۔