سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے خلاف ہونے والے میچ میں پیش آئے واقعے پر آصف علی پر ایک یا دو میچز کی پابندی لگ سکتی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے عبد الماجد بھٹی کا کہنا تھا بڑے بڑے میچز کور کیے لیکن کل کا میچ ناقابل یقین تھا، اس کو لفظوں میں بیان کرنا بہت مشکل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مجھ سے تین روز قبل ایک بھارتی صحافی نے سوال پوچھا کہ کیا آپ نے شارجہ میں جاوید میانداد کا چھکا دیکھا تھا جس پر میں نے کہا کہ نہیں میں نے وہ چھکا نہیں دیکھا، کل پھر اسی بھارتی صحافی نے کہا کہ میں نے آپ سے 3 روز قبل جاوید میانداد کے چھکے کا پوچھا تھا، جس میں نے جواب دیا کہ پہلے چھکے سے افغانستان ایشیا کپ سے باہر ہوا اور دوسرے چھکے سے بھارت بھی ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہو گیا، شارجہ میں 1986 والا میچ بھی بھارت نے ایک وکٹ سے جیتا تھا اور کل کا میچ بھی پاکستان نے ایک وکٹ سے جیتا ہے۔
عبدالماجد بھٹی کا کہنا تھا نسیم شاہ بہت ٹیلنٹڈ ہے، یقین ہی نہیں آ رہا تھا، میں نے تو آنکھیں بند کر لی تھیں اور مجھے لگا کہ ہم میچ ہارنے جا رہے ہیں اور تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے لیکن نسیم شاہ نے چھکے لگا کر پاکستان کو بچا لیا۔
گزشتہ روز پیش افغانستان اور پاکستان کے کھلاڑیوں کے درمیان پیش آئے واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالماجد بھٹی کا کہنا تھا اگر واقعے کی فوٹیجز دیکھیں تو نظر آ رہا ہے کہ پہلے افغان بولر فرید احمد نے کچھ نازیبا کلمات کہے جس کے بعد آصف علی پلٹے، میچ کے دوران ایسے ناخوشگوار واقعات نہیں ہونے چاہئیں، کھیل کو کھیل کی طرح ہی لینا چاہیے اور اپنے اعصاب پر قابو رکھنا چاہیے۔
سینئر اسپورٹس جرنلسٹ نے کہا کہ واقعے پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کا لیول ون لگ سکتا ہے جو انتہائی سنگین معاملہ ہے، میرے خیال میں اس واقعے میں معطلی تو ہے، فرید احمد کا تو ٹورنامنٹ ختم ہو گیا ہے لیکن اگر آصف علی سری لنکا کا میچ مس کرتے ہیں تو پاکستان کے لیے مسئلہ ہو گا۔
عبدالماجد بھٹی نے کہا کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کا شمار دنیا کے سخت ترین میچ ریفریز میں ہوتا ہے اور مجھے لگ رہا ہے کہ آصف علی پر ایک سے دو میچز کی پابندی لگ سکتی ہے۔