پاکستان کیخلاف میچ سے قبل وسیم اکرم نے سری لنکن بولر کو فاسٹ بولنگ کے گُر سکھائے

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل سری لنکن بولر کو فاسٹ بولنگ کے گُر سکھائے۔

وسیم اکرم نے پاکستان کے خلاف میچ سے قبل فاسٹ بولر دلشان مادوشانکا کو ٹپس دیں، اس موقع پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور دیگر اسپورٹ اسٹاف بھی موجود تھا۔

وسیم اکرم نے نوجوان سری لنکن فاسٹ بولر کو خاص طور پر سوئنگ کے بارے میں بتایا۔

دلشان مادوشانکا گزشتہ روز پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں کوئی وکٹ تو لینے میں ناکام رہے تاہم سری لنکا نے میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

وسیم اکرم ہمیشہ گراؤنڈز میں اپنے اور حریف ٹیموں کے بولروں سے ملاقات کرتے رہتے ہیں اور انہیں مفید مشوروں سے بھی نوازتے ہیں۔

وسیم اکرم نوجوان فاسٹ بولرز کی حوصلہ افزائی کرتے اور انہیں اپنے تجربے سے آگاہ کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ وسیم اکرم بھارت کے فاسٹ بولرز کو بھی ماضی میں ٹپس دیتے رہے ہیں اور وسیم اکرم کو کمنٹری پینل میں شامل ہونے کی وجہ سے یہ موقع ملتا رہتا ہے، ایشیا کپ میں بھی وسیم اکرم کمنٹری پینل میں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں