اپوزیشن نے پنجاب حکومت گرانے کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے: افتخار درانی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما افتخار درانی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت گرانے کے لیے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔

نجی میڈیا سے گفتگو میں افتخار درانی کا کہنا تھا پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کی سازش کی جا رہی ہے، ہمارے لوگوں کو فون آ رہے ہیں اور انہیں کہا جا رہا ہے کہ پارٹی چھوڑ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی پنجاب حکومت کو گرانے کی کوششوں سے متعلق عمران خان کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور جو لوگ پارٹی چھوڑیں گے نااہلی ان کا انتظار کر رہی ہے، اگر انہیں اپنی سیاست پیاری نہیں ہے تو بے شک پارٹی چھوڑ دیں۔

افتخار درانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پنجاب حکومت کو گرانے کے لیے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد کے لیے کوششیں جاری ہیں، ہم سیاسی میدان میں انہیں دوبارہ شکست دیں اور واپس حکومت قائم کریں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ پنجاب حکومت کو گرانے کی سازش ہو رہی ہے اور ہمارے اراکین کو فون کر کے ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں