اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہےکہ جب قانون حرکت میں آئے گا تو پھر عمران خان جتنا مرضی بڑا جلسہ کریں وہ گرفت میں آئیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے بہت ساری ریڈ لائنز کراس کرلی ہیں، انہوں نے آئین توڑا اور ریاستی اداروں پر حملے کیے، سائفر کے ساتھ عمران خان نے جو کھیل کھیلا اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیے اس لیے جب قانون حرکت میں آئے گا تو پھر وہ جتنا مرضی بڑا جلسہ کریں گرفت میں آئیں گے، عمران خان کا مواخذہ قریب آرہا ہے تو اب انہوں نے جلسے جلوس شروع کردیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کلیدی مفادات سے ایسا گھناؤنا کھیل کھیلنے کی مثال نہیں ملتی،عمران خان نے پاکستان کا جو نقصان کیا وہ ناقابل تلافی ہے، ہم اس کی تحقیقات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کو جوڈیشل کمیشن کے لیے خط لکھا تھا،اگر نہیں بنا تو، سپریم کورٹ نے واضح لکھا ہے کہ عمران خان حکومت سازش کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ، نیشنل سکیورٹی کمیٹی ، وزارت خارجہ اور انیٹلی جنس ایجنسیاں کہہ رہی ہے کہ کوئی سازش نہیں۔