سہ ملکی کرکٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 21 رنز سے شکست دے دی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنزبنائے اور بنگلادیش کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بنگلادیش 146 رنز ہی بناسکی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 78 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شان مسعود نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم22 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر مہدی حسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد نے 13، حیدر علی نے 6 اور آصف علی صرف 4 رنز بنا سکے۔
بنگلا دیش کی اننگز
بنگلادیش کے اوپنر مہدی حسن 10 رنز پر محمد وسیم جونئیر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے جبکہ شبیر رحمان کو فاسٹ بولر حارث رؤف نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔
اس کے بعد محمد نواز نے 13 ویں اوور میں بنگلادیشی بیٹر لٹن داس کو 35 رنز پر کیچ آؤٹ کیاجس کے بعد اگلی ہی گیند پر محمد نواز ہی پاکستان کے لیے مصدق حسین کی چوتھی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پانچویں وکٹ فاسٹ بولر نے شاہنواز دھانی اور چھٹی وکٹ نائب کپتان شاداب خان نے لی جبکہ اس کے بعد بنگلا دیش کے اگلے دو کھلاڑیوں کو وسیم جونئیر نے اپنا شکار بنایا۔
بنگلادیشی کھلاڑی گرین شرٹس کی جانب سے دیے گئے 168 رنز کے تعاقب میں صرف 146 رنز ہی بناسکے، یاسر علی 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عفیف حسین نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے وسیم جونیئر نے 3 اور محمد نواز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ شاداب خان، شاہنواز دھانی اور حارث رؤف کے حصے میں آئی۔
بطور پروفیشنل ہر طرح کی کنڈیشنز کیلئے تیار ہیں: قومی کپتان کی گفتگو
میچ سے قبل کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بطور پروفیشنل ہر طرح کی کنڈیشنز کیلئے تیار ہیں، اس پچ پر 160 سے 170 رنز اسکور ہونگے، ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے۔ نیوزی لینڈ کی وکٹوں پر باؤنس ہوتا ہے جس پر ہم نے پریکٹس کی ہے۔
دوسری جانب بنگلادیشی کپتان نور الحسن کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں کی نسبت آج کا موسم بہتر ہے۔