اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے ہندو تہواروں کے دوران بھارتی مسلمانوں پرتشدد کے واقعات کی مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں اسلامو فوبیا میں اضافہ ہندوتوا ایجنڈے کی تقلید کانتیجہ ہے، بھارت کا نام نہاد سیکولرزم کا لبادہ مکمل طور پر اتار لیا گیا ہے، تشدد کے واقعات حالیہ ہندو تہواروں نوراتری اور دسہرہ کے دوران پیش آئے۔
اس کے علاوہ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت میں اسلامو فوبیا کی تیزی سے بگڑتی صورتحال کا نوٹس لے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وائرل ویڈیو میں مسلمان لڑکوں کے خلاف تشدد دکھایا گیا ہے، مسلم نوجوانوں کو آر ایس ایس کے شدت پسندوں نے بے رحمی سے پیٹا، مدھیا پردیش میں مسلم خاندانوں کےمکانات کوگرانا بھی قابل مذمت ہے، آج کے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تشدد معمول بن چکا ہے، مذہبی تہواروں کے دوران صورتحال انتہائی تشویشناک ہوجاتی ہے۔