سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز: نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو 48 رنز سے شکست دیدی

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش کو 48 رنز سے شکست دیدی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 20 اوورز میں ڈیون کانوے کے 64 رنز اور گلین فلپس کے جارحانہ 60 رنز کی بدولت بنگلا دیش کو جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم بنگلا دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔

شکیب الحسن 70 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ لٹن داس اور سومیاسرکار نے 23 ، 23 رنز کی اننگز کھیلیں۔ نیوزی لینڈ کے ایڈم ملنے نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساؤتھی اور مائیکل بریسول نے دو دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 208 رنز اسکور کیے تھے۔ ڈیون کانوے نے 40 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فن ایلن نے 19 گیندوں پر 32 رنز اسکور کیے۔ مارٹن گپٹل نے بھی 34 رنز کی اننگز کھیلی۔

چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے گلین فلپس نے بنگلا دیشی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور 19 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ففٹی اسکور کی، فلپس 20 ویں اوور میں 24 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور عبادت حسین نے دو دو جبکہ شریف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ بنگلا دیش کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے 3 میچز ہار چکی ہے جبکہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں دو دو میچز جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں