آئی ایم ایف نے پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی، وزیر خزانہ کے دورہ امریکا کا اعلامیہ جاری

عالمی مالیانی بینک (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرا دی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کی ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پاکستان میں آنے والے سیلاب سے ہونے والے غیر معمولی نقصانات سے آئی ایم ایف عہدیدار کو آگاہ کیا، اسحاق ڈار نے معیشت کو مستحکم، پائیدار اور بحالی کے لیے حکومتی اقدامات سے متعلق بھی بریفنگ دی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی گئی اور مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی

اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ کی عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے بھی ملاقات ہوئی جس میں اسحاق ڈار نے سیلاب کے بعد بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کے علاوہ پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون پر ورلڈ بینک کا شکریہ ادا کیا۔

صدر عالمی بینک ڈیوڈ مالپاس کا کہنا تھا پاکستان کو سیلاب سے سماجی و اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے میں مل کر کام کریں گے۔

اسحاق ڈار سے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا رائسر سے بھی ملاقات جس میں وزیر خزانہ نے پاکستان کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر نائب صدر عالمی بینک کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ معاشی مشکلات پر قابو پانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی، وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کئی دہائیوں سے قابل اعتماد شراکت دار رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے ڈوئچے بینک اور جے پی مورگن کی قیادت کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستانی معیشت کے استحکام اور سیلاب متاثرین کے ریلیف میں حکومتی وژن سے آگاہ کیا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے، وزیر خزانہ کی قیادت میں وفد نے ریٹنگ ایجنسیوں سے بھی ملاقاتیں کیں، وفد نے سالانہ اجلاسوں میں منعقدہ کئی تقریبات میں شرکت کی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پاکستان کو اضافی 10 ملین پاؤنڈ دے گا جس کے بعد برطانیہ کی مجموعی امداد 26.5 ملین پاؤنڈ تک پہنچ جائے گی۔

برطانیہ تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کو مزید انسانی امداد فراہم کر رہا ہے، برطانیہ کے وزیر برائے جنوبی ایشیا لارڈ طارق پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں