نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ: صورتحال کے باعث لوڈمینجمنٹ ہوسکتی ہے، کے الیکٹرک

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ کے بعد کراچی کو بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے تاہم صورتحال کے باعث لوڈمینجمنٹ ہوسکتی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق جمعرات کو نیشنل گرڈ کی ٹرانسمیشن لائنوں میں ٹرپنگ کے بعد کراچی کو بجلی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کر دی گئی، ٹرپنگ کے باعث سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے متعدد شہروں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی،کے ای کا نیٹ ورک قومی گرڈ سے بحفاظت منقطع ہونے کے بعد آئی لینڈ موڈ پر آگیا، کے ای نے اپنے جنریشن پلانٹس کے ذریعے ڈیڑھ گھنٹے کے اندر بجلی کی بحالی مرحلہ وار شروع کردی۔

ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے اسٹریٹیجک تنصیبات کے ڈبلیو ایس بی پمپنگ اسٹیشنز، ائیرپورٹ اور اسپتالوں کو ترجیح کے دیتے ہوئے سب سے پہلے بجلی بحالی کی، اس کے بعد بجلی کی سپلائی کو بتدریج رہائشی علاقوں کی طرف موڑ دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ ٹرپنگ میں کےالیکٹرک کا اپنا سسٹم مستحکم رہا لیکن نیشنل گرڈ سے ملنے والی بجلی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہوئی، ابتدائی معلومات کے مطابق یہ صورتحال اگلے 48 گھنٹوں تک برقرار رہ سکتی ہے، بجلی کی فراہمی میں پیدا ہونے والے تعطل کو سنبھالنے کے لیے، کے ای رہائشی علاقوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے رات کے اوقات میں صنعتی زونز کو بجلی کی فراہمی عارضی طور پر کم کر سکتا ہے، صورتحال برقرار رہنے یا شدت اختیار کرنے کی صورت میں کمپنی کو لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں