بریک ڈاؤن: بلوچستان کے 8 اضلاع میں تاحال اندھیرا

نیشنل گرڈ سے بلوچستان کے 20 اضلاع کو بجلی کی فراہمی 12 گھنٹے بند رہنے کے بعد جزوی طور پر تو بحال ہوگئی تاہم صوبے کے 8 اضلاع ابھی تک اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

بلوچستان کے 28اضلاع میں نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی صبح سوا 9 بجے منقطع ہوئی تھی، اوچ، سبی اور دادو خضدار ٹرانسمیشن لائنوں کی بحالی کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے 20 اضلاع میں 12 گھنٹے بعد بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی۔

اس کے باوجود صوبے کے دیگر 8 اضلاع میں رات گئے تک بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی، بجلی کی فراہمی منقطع ہونے سے شہریوں کو پانی کے حصول اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔

بجلی کے طویل بریک ڈاون کی وجہ سے موبائل فون اور لینڈ فون سروس بھی متاثر ہوئی۔

تمام تر صورتحال پر کیسکو حکام کا کہنا ہے لورالائی اور ڈیرہ غازی خان ٹرانسمیشن لائن بحال ہونے کے بعد صورتحال نارمل ہوسکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں