پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے 8حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں 6 میں کامیابی حاصل کرکے 2018 کے عام انتخابات میں 5 نشستیں جیتنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔
قومی اسمبلی کے 6 حلقوں میں کامیابی کے بعد عمران خان نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ’بس نام رہے گا اللہ کا’۔
عمران خان نے ساتھ ہی اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی جس پر لکھا تھا کہ’ بس نام رہے گا اللہ کا، جو غائب بھی ہے اور حاضر بھی’۔
واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
گزشتہ روز ہونے والے قومی اسمبلی کے8 حلقوں میں ضمنی انتخابات میں سے 7 حلقوں میں عمران خان امیدوار تھے اور انہوں نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے ضمنی انتخابات میں 6 نشستوں پر فتح کے ساتھ ہی 2018 کے عام انتخابات میں 5 نشستیں جیتنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔
عمران خان نے ضمنی انتخابات میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کراچی سے کامیابی حاصل کی ہے۔
انہیں این اے 237 ملیر پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پیپلزپارٹی کے بانی و سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو بیک وقت 5 حلقوں سے الیکشن لڑ چکے ہیں، انہیں 4 میں فتح اور ایک پر شکست ہوئی تھی۔