’یہ کوئی نائن زیرو نہیں‘، شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کا حکم چیلنج کردیا

راولپنڈی: سابق وزیرداخلہ شیخ رشیدنےلال حویلی خالی کرنے کا حکم عدالت میں چیلنج کردیا۔

شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ لال حویلی سابق وفاقی وزیرکی ملکیت ہے اس کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی گئی، مقدمےکی تاریخ 24 اکتوبرمقرر ہے اس کے باوجود غیر قانونی نوٹس بھیجا گیا۔

درخواست دائر کرنے کے لیےشیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل سیشن جج خورشیدعالم نے شیخ رشید کی درخواست پر ڈائریکٹرمتروکہ وقف املاک کونوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے حکام کو کل مکمل ریکارڈ کے ساتھ طلب کرتے ہوئے کوئی بھی غیر قانونی اقدام نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

شیخ رشید کا بیان

دوسری جانب ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 16وزارتوں کی تحقیق اور تفتیش میں تمام اداروں کو میرےخلاف کچھ نہیں ملا، اب 3 مرلہ کی لال حویلی نکال دی ہے،لال حویلی کوئی نائن زیرو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران اپنے لیے رسوائی اور ہمیں پذیرائی دے رہے ہیں، لال حویلی تاریخ ہےجسےکوئی ختم نہیں کرسکتا۔

ضمنی الیکشن سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کا 8 میں سے 6 نشستیں جیتناعالمی ریکارڈ ہے۔

شیخ رشید لال حویلی کی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام، ایڈمنسٹریٹر کا فیصلہ جاری

شیخ رشید کو 7 روز میں لال حویلی خالی کرنے کا حکم

اپنا تبصرہ بھیجیں