بھارتی پنجاب میں ایک جنونی شخص نے اپنی بیوی، دو سوتیلے بچوں اور ساس سسر کو زندہ جلا کر مار ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع جالندھر کے گاؤں خورشید پور کے رہائشی 33 سالہ کلدیپ عرف کالی نے ایک سال قبل پرم جیت کور سے شادی کی تھی جس کے پہلے سے دو بچے تھے جبکہ کلدیپ کی پہلی بیوی کا بھی انتقال ہو گیا تھا جس سے اس کا ایک بیٹا تھا تاہم شادی کے بعد سے ہی میاں بیوی کے درمیان تعلقات ناخوشگوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روز قبل کلدیپ عرف کالی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اپنے سسرال آیا اور اپنی بیوی، دو سوتیلے بچوں اور ساس سسر کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی اور باہر سے دروازہ بند کر کے فرار ہو گیا۔
جالندھر پولیس کے مطابق واقعے میں تمام افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں کلدیپ کی بیوی، 8 سالہ بیٹی، 5 سالہ بیٹا اور ساس سسر شامل ہیں۔
پرم جیت کور کے دادا جو گھر سے کچھ فاصلے پر سونے کی وجہ سے بچ گئے، نے بتایا کہ کلدیپ ان کی پوتی کو دھمکیاں دے رہا تھا کہ وہ اپنے دو بچوں کو چھوڑ دے اور اس نے پرم جیت کے دونوں بچوں کو کرنٹ بھی لگایا تھا، کلدیپ چاہتا تھا کہ پرم جیت کور بچوں کو چھوڑ کر اس کے ساتھ رہے تاہم اس نے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے دونوں میاں بیوی کے درمیان اختلافات تھے۔