کراچی: رینجرز نے لیاقت آباد سے ایم کیو ایم لندن کے بھارتی ایجنسی ’را‘ سے تربیت یافتہ دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق لیاقت آباد میں پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ایم کیو ایم لندن کا انتہائی مطلوب دہشتگرد وسیم عرف باس عرف ٹنڈا گرفتار کرلیا۔
ترجمان نےبتایا کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمیونیشن برآمد کر لیا گیاہے،گرفتار ملزم بھتہ خور ایم کیو ایم لندن ف کے سیکٹر لیاقت آباد کاکارکن رہا ہے،ملزم اور اس کے ساتھی بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ سے بارودی مواد تیار کرنے، اسے استعما ل کرنے اور ہتھیاروں کوچلانے کی تربیت حاصل کرچکے ہیں۔
ترجمان کےمطابق وسیم ٹنڈا ایم کیو ایم لندن کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم چلاتا رہا ہے، ملزم ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہاہے، ملزم ایم کیو ایم لندن ف کی ایما پر نومبر 2013 تک متعدد وارداتیں کرچکا ہے جب کہ ملزم 2013 کے آپریشن میں گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔
دوسری جانب کورنگی سے یکم اکتوبر 2022کو رات کے وقت اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بلال چورنگی کے قریب کورنگی فائر بریگیڈ اسٹیشن میں گھس کر فائرنگ کر کے فائر بریگیڈ کے ملازمین کو قتل کرنے والے ملزم صدیق عرف بابا کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم کا ساتھی شیخ بلال ظفر فاروقی پہلے ہی رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہو چکا ہے۔