سابق ٹیسٹ کرکٹر معین خان نے پاکستان ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ جیتنے کا نسخہ بتادیا۔
معین خان نے کہا کہ بھارت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ٹاپ ٹیم میں سے ہے ، اگر پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ جیتنا ہے تو بھارت کے ٹاپ بیٹرز کو آؤٹ کرناہوگا۔
معین خان نے بھارتی ٹاپ بیٹرز ، ویرات کوہلی، روہت شرما، سوریا کمار یادیو اور ہاردیک پانڈیا کی بیٹنگ کی تعریف بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر بارش کے باعث میچ چھوٹا ہوگیا تو میرا خیال ہے کہ پاکستان ٹیم اس کنڈیشن کا فائدہ زیادہ اٹھائے گی اور ٹیم بھارت کے خلاف زیادہ خطرناک ثابت ہوگی، بارش سے اگرگیند سوئنگ ہوئی تو شاہین شاہ کو بولنگ میں مدد ملے گی، بولرز کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ موسم کی صورتحال سے ضرور فائدہ اٹھائیں جب تک کوئی بھی بولر گیند آگے نہیں پھینکے گا ٹیم کو فائدہ نہیں ہوگا۔
ایشیا کپ 2023 کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے سے متعلق سوال پر معین خان کا کہنا تھا کہ بھارت کو ایسے بیانات دینے سے پہلے 10 مرتبہ سوچنا چاہیے اور سوچنے کے بعد کمیٹی کی میٹنگ کے بعد فیصلہ آنا چاہیے، ایسے غیر ذمہ دار لوگوں کو جو کرکٹ کے ذریعے دوریاں بڑھائیں انہیں ایسے عہدوں پر تعینات ہی نہیں کیا جانا چاہیے، آئی سی سی کا ہی کہنا ہے کہ کرکٹ سیاست سے دورہونی چاہیے لہٰذا اچھے روابط کے لیے اچھی بات کرنی چاہیے، ایسے بیانات نے لوگوں کا دل توڑنا ہے جو پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھی کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔