پاکستانی اداکار، کامیڈین اور میزبان احمد علی بٹ کی اہلیہ فاطمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹے کی پیدائش کے وقت احمد علی بے ہوش ہو کر گِر پڑے تھے۔
حال ہی میں احمد علی بٹ نے اہلیہ اور بیٹے سمیت نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے نجی زندگی سے متعلق گفتگو کی، اداکار کی اہلیہ نے اپنے بیٹے کی پیدائش کے حوالے سے بھی کچھ انکشافات کیے۔
2013 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے احمد علی بٹ کی اہلیہ نے دوران انٹرویو فاطمہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی پیدائش 2014 میں ہوئی جس وقت وہ لوگ لندن میں تھے۔
اداکار کی اہلیہ کے مطابق لندن میں بچے کی پیدائش کے قوانین خاصے مختلف ہیں، وہاں پیدائش کے وقت شوہر کو بھی بیوی کے ساتھ لیبر روم میں لے جایا جاتا ہے جب کہ ڈیلیوری سے قبل خاتون کو کروائے جانے والے کورسز بھی مردوں کو کرائے جاتے ہیں۔
فاطمہ نے بتایا کہ ‘ان کورسز میں بتایا جاتا ہے کہ بچہ کو کس طرح سنبھالا جائے، ان کی پیدائش کے وقت کیا کیا مشکلات پیش آسکتی ہیں، تاہم جس وقت مجھے ڈیلیوری کے لیے لے کرگئے اس وقت احمد کو بھی زبردستی ساتھ لیبر روم میں لایا گیا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘بچے کی پیدائش کا عمل شروع ہوا تو احمد چکرا کر زمین پر گر پڑے، میرے ساتھ مصروف ڈاکٹرز فوراً احمد کی جانب بڑھے اور انہیں ہوش میں لانے کی کوششیں کرتے رہے’۔
فاطمہ کا کہنا تھا کہ ‘اس دن کے بعد سے میں نے احمد کو بالکل مختلف دیکھا، وہ میرا اور زیادہ خیال رکھنے لگے جب کہ پیدائش کے بعد انہوں نے بیٹے کو بھی سنبھالا’۔
اداکار کی اہلیہ کے مطابق شوہروں کو بیوی کے ساتھ لیبر روم میں رکھنا ایک اچھا عمل ہے اور پاکستان میں بھی اس قسم کے قوانین ہونے چاہیئں۔