آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھارتی کرکٹرز پریکٹس سیشن کے موقع پر ملنے والے کھانے سے ناخوش نظر آئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم کا کہنا ہےکہ پریکٹس سیشن کے بعد جو کھانا ٹیم کو دیا گیا اس کی کوالٹی اچھی نہیں تھی، یہی نہیں کھانے میں ٹیم کو صرف سینڈوچز دیے گئے جب کہ بھارتی ٹیم آفیشل نے ٹھنڈے کھانے کی شکایت آئی سی سی سے بھی کی ہے جس پر معلوم ہوا کہ تمام ممالک کے لیے قوانین یکساں ہیں،آئی سی سی ٹریننگ کے بعد لنچ میں گرم کھانے نہیں دیتی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹریننگ کے بعد بعض بھارتی کرکٹرز نے کھانا نہیں کھایا ، کرکٹرز نے کھانا پریکٹس سے ہوٹل واپسی پر اپنے کمروں میں منگوا کر کھایا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ دوپہر میں جب ٹریننگ کا اختتام ہوا تو کرکٹرز فل مینیو لنچ کی توقع کر رہے تھے لیکن ٹریننگ کے دوران سینڈوچز اور پھل وغیرہ دستیاب تھے، لنچ ٹائم پر کرکٹرز کو گرم کھانا نہ ملا جس سے وہ ناخوش ہوئے اور واپس جانے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی ٹیم آفیشل کا کہنا ہے کہ کسی کرکٹر نے بائیکاٹ نہیں کیا ، کسی نے سینڈوچ تو کسی نے فلافل لیا، کچھ کرکٹرز نے پھل اٹھایا ، کرکٹرز2 گھنٹے کے سیشن کے بعد ٹماٹر اور کھیروں کے ساتھ ٹھنڈے سینڈوچ جو گرلڈ بھی نہ ہوں وہ نہیں کھا سکتے تھے، کرکٹرز مکمل لنچ چاہتے تھے جس کے باعث بعض نے کمروں میں واپس آکر کھانے کا فیصلہ کیا ۔
ٹیم آفیشنل نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ باہمی سیریز میں میزبان ایسوسی ایشن گرم بھارتی کھانوں کا اہتمام کرتی ہے۔
بھارتی ٹیم کل سڈنی میں نیدرلینڈ کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیلے گی۔