آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے، ایونٹ کے 3 اہم میچز کا آغاز آج سے ہونے جا رہا ہے اور سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل آج کھیلا جائے گا۔
کل جمعرات 10 نومبر کو بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایڈیلیڈ میں مد مقابل ہوں گی جب کہ فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اتوار 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
آئیے ایک بڑے مقابلے سے پہلے نظر ڈالتے ہیں کہ کس کپتان کی کپتانی میں ٹیم مجموعی طور پر کتنے میچز جیتی؟
سب سے پہلے اگر بات کی جائے دو حریفوں پاکستان اور بھارت کے کپتانوں بابر اعظم اور روہت شرما کی تو اس میں بابر کی کپتانی میں کھیلے جانے والے میچز روہت سے زیادہ ہیں۔
بابر اعظم:
بابر اعظم کی کپتانی میں ٹیم پاکستان 64 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 39 میں گرین شرٹس نے فتح سمیٹی جبکہ 20 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
روہت شرما:
بھارتی کپتان روہت شرما بطور کپتان اب تک کُل 50 میچز کھیل چکے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ روہت کی کپتانی میں ٹیم انڈیا بھی 39 میچ میں فاتح رہی جبکہ 11 میچز ہار گئی۔
کچھ دیگر کپتانوں کی کپتانی میں کھیلے جانے والے میچز کے اعداد و شمار جانتے ہیں:
کین ولیمسن:
نیوزی نے 67 میچز کین ولیمسن کی سربراہی میں کھیلے جس میں سے بلیک کیپس کو 35 میں فتح اور 30 میں شکست ہوئی۔
ایرون فنچ:
ایرون فنچ آسٹریلیا کے جارحانہ بلے بازوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے بحیثیت کپتان 76 میچز کھیلے، فنچ کی کپتانی میں کینگروز 40 میچ جیتنے میں کامیاب رہے اور 32 میں انہیں ناکامی برداشت کرنا پڑی۔
اصغر افغان:
افغانستان کی ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان کی قیادت میں 52 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلی جس میں سے 42 میں انہیں کامیابی ملی جبکہ 9 کے نتیجے افغان ٹیم کے حق میں نہیں گئے۔
مہندرا سنگھ دھونی:
ایم ایس دھونی نے 72 میچز بطور کپتان کھیلے، اس میں سے بھارت 41 میچز جیتی اور 28 ہار گئی۔
ویرات کوہلی:
ٹیم انڈیا ویرات کی کپتانی میں 50 میچز کھیلی جس میں سے اسے 30 میں فتح جبکہ 16 میں شکست ہوئی۔
سرفراز احمد:
پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم 37 میچز کھیلی، قومی ٹیم کو ان میں سے 29 میں فتح اور 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شاہد آفریدی:
شاہد آفریدی نے 44 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی کپتانی کے فرائض انجام دیے جس میں سے 19 میں گرین شرٹس کو کامیابی نصیب ہوئی اور 24 میں ہار قومی ٹیم کا مقدر بنی۔