دفاعی مصنوعات تیار کرنے والے ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز نے ملکی دفاعی صنعت میں جدید سب سونک کروز میزائل کو بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرادیا۔
بین الاقوامی دفاعی نمائش میں موجودہ دور میں روایتی جنگوں کے تبدیل ہوتے میدان سامنے آرہے ہیں، اسی لیے پاکستان بھی دنیا میں جدید اسمارٹ دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کے راستے پر گامزن ہے۔
11ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں پاکستان کی اہم دفاعی مصنوعات کو مارکیٹ کیا جارہا ہے ، ان مصنوعات میں سب سونک کروز میزائل ’حربہ‘ اور جدید جنگی ڈرون ‘شاہپر ٹو’ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان کے اہم دفاعی صنعتی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسد کمال نے جیونیوز کراچی کے ڈپٹی بیورو چیف طارق معین صدیقی سے بات چیت میں بتایا کہ پاکستان اسمارٹ ٹیکنالوجی سے لیس تباہ کن ہتھیاربنانے والے ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔