پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو اب شاہین شاہ آفریدی کو بہت احتیاط سے چلانا ہوگا۔
نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بتایا کہ شاہین اب ریسٹ پر ہے کیوں کہ شاہین کے گھٹنے کی انجری کے بعد ایک بار پھر اسی جگہ زور آیا ہے۔
انہوں نے کہا میرا خیال ہے کہ اب شاہین کو پورے 2 سے 3 ماہ ریکوری کے لیے لینا چاہئیں، اسے اپنی فیلڈنگ میں خیال رکھنا چاہیے، کسی ایسی پوزیشن میں نہیں ڈائیو مارنا چاہیے جس کے بعد اسے ایک بار پھر ری ہیب پر جانا پڑا ۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاہین کو اب بہت احتیاط سے چلنا ہوگا اور پی سی بی کو بھی شاہین کو بہت احتیاط سے چلانا ہوگا۔
دوسری جانب شاہین کے ان فٹ ہونے کے باوجود ورلڈکپ کھیلنے سے متعلق قیاس آرائیوں پر شاہد آفریدی نے جواباً کہا کہ شاہین اگر ان فٹ ہوتا تو ورلڈکپ کے فائنل میں 2 اوورز بھی نہیں لیتا۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ کے اسکین کا جائزہ پی سی بی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نصیب اللہ سومرو اور گھٹنے کے آسٹریلوی اسپیشلسٹ ڈاکٹر پیٹر ڈی ایلسنڈرو نے لیا ہے جن کے جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ شاہین آفریدی کو انجری کا سامنا نہیں ہے، وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں۔