راولپنڈی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو فیض آباد پر جلسے کی اجازت دے دی۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کا اجازت نامہ 56 شرائط کےساتھ جاری کیا جس میں سب سے بڑی شرط فیض آباد کو 26 نومبر کی رات خالی کرنا ہوگا جب کہ انتظامیہ نے راولپنڈی پولیس کو جلسے کے لیے تمام ضروری سکیورٹی اقدامات کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں۔
اس حوالے سے جاری سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم راولپنڈی کھیلنے کے لیے پہنچ رہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اورانتظامیہ سکیورٹی اداروں کے طے شدہ راستے کواستعمال کریں گے، عمران خان جلسے سے پہلے اور جلسے کے بعد سن روف والی گاڑی استعمال نہیں کریں گے جب کہ علامہ اقبال پارک کو کارکنان کے رکنے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ ریاست مخالف نعروں کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک پولیس کے جاری کردہ ٹریفک پلان پرعملدرآمد یقنی بنایا جائے گا اور کسی بھی جانی نقصان کی ذمہ دار جلسے کی انتظامیہ ہوگی جب کہ ڈرون کیمرا کے استعمال کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔
راولپنڈی انتظامیہ نے اجازت نامے کی کاپیاں تمام متعلقہ اداروں کو بھجوا دیں۔