بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مڈل آرڈر بیٹر ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف اننگز ہمیشہ دل میں رہے گی۔
ویرات کوہلی نے حال ہی میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں 82 رنز کی ناقابل یقین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ویرات کوہلی کی پاکستان کے خلاف اننگز کی تعریف پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹ ماہرین کی جانب سے کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ یہ اننگز صرف ویرات کوہلی جیسا کھلاڑی ہی کھیل سکتا ہے، اگر اس کی جگہ کوئی اور ہوتا تو وہ یہ کمال نہ کر سکتا تھا۔
ویرات کوہلی نے بھی پاکستان کے خلاف اپنی اننگز کو اپنے کرکٹ کیرئیر کی ایک یادگار اننگز قرار دیا تھا۔
اب بھارتی بیٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف اننگز کو یاد کیا ہے۔
ویرات کوہلی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 23 اکتوبر 2022 ہمیشہ میرے دل میں بہت خاص رہے گا، ایسی انرجی میں نے اپنے کرکٹ کیرئیر میں اس سے پہلے کبھی محسوس نہیں کی تھی، کیا ہی شاندار اننگز تھی۔
October 23rd 2022 will always be special in my heart. Never felt energy like that in a cricket game before. What a blessed evening that was 💫🙏 pic.twitter.com/rsil91Af7a
— Virat Kohli (@imVkohli) November 26, 2022