لاہور: پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا راولپنڈی میں جلسہ ایک دن سے زیادہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی نے جیو نیوز کے پروگرام’ نیا پاکستان ‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پنجاب میں اپنی حکومت سے جلسہ کیلئے جگہ لینے میں دشواری نہیں تھی، دشواری ہمیں اسلام آباد کی انتظامیہ سے ہے جو انتظامیہ کو استعمال کرتے ہوئے عمران خان کی جان کے پیچھے پڑے ہیں۔
واثق قیوم کا کہنا تھا کہ دشواری ہمیں پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی پیڈ نہ اتارنے پر ہوئی جس کے لیے حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم آپ کو پریڈ گراؤنڈ نہیں دیں گے، پریڈ گراؤنڈ میں جماعتیں جلسے کرسکتی ہیں لیکن عمران خان کی لینڈنگ کو ریجیکٹ کردیا گیا، ہمیں کہا گیا کہ عمران خان کو پنجاب کے کسی علاقے میں اتاریں اور عوام کے درمیان سے لے کر آئیں یہ تو براہ راست ان کی زندگی کے لیے ایک تھریٹ ہے جو کہ پاکستان کے کے سب سے بڑے پارٹی کے سربراہ ہیں ان پر حملہ ہونے کے باوجود ایسے بیانات سامنے آئے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ کون سا طریقہ ہے کہ آپ ایک پارٹی کو حملے کی وجہ سے جلسہ ملتوی کرنے کا کہہ رہے ہیں لیکن سکیورٹی دینے کو تیار نہیں لیکن عمران خان کے لیے ہمارا سکیورٹی پلان بہترین ہے اور ہمارا یہ کام بہترین اور بخیروعافیت سے انجام پذیر ہوگا۔
پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے واثق قیوم عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاک انگلینڈ میچ میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی ، جلسے کیلئے ہمارا فی الحال پلان ایک دن کا ہے تاہم بہت سے سرپرائزز ہیں جو عمران خان جلسے میں دیں گے لیکن میں یہ واضح کردوں کہ اسٹیڈیم میں ٹیمز کا آنا ،پریکٹس کرنا اس میں پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، ٹیمز اسلام آباد سے آسکتی ہیں اور بحفاظت جاسکتی ہیں، پی ٹی آئی کا ایک دن سے زیادہ جلسے کا کوئی ارداہ نہیں ہم کرکٹ کی ٹیموں سے دور ہیں، ساتھ ہی الحمداللہ امپورٹڈ حکومت سے شر سے بھی دور ہیں۔