اسلام آباد: تحریک انصاف نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیسزکا جلد فیصلہ کرنے کے لیے متفرق درخواست دائر کردی۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے پہلے سے زیر سماعت کیس میں متفرق درخواست دائر کی جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ پی ٹی آئی کی طرح دیگر جماعتوں کے ممنوعہ فنڈنگ کیس سننے میں الیکشن کمیشن ناکام رہا، دیگر سیاسی جماعتوں کو موقع دیا گیا کہ وہ پی ٹی آئی کے خلاف غلط رپورٹ کا سیاسی فائدہ اٹھائیں، اس طرح کے حربے جمہوریت پر براہ راست حملہ ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ پی ٹی آئی اور اس کے ممبران کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جمہوریت کے تحفظ کے لیے پٹیشن میں اٹھائے گئے اہم سوالات کا فیصلہ کیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کریں کہ (ن) لیگ، پی پی پی اور دیگر جماعتوں کے ممنوعہ فنڈنگ کیسز کی روزانہ سماعت کی جائے۔