لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی سائفر آڈیو لیک اسکینڈل میں ایف آئی اے میں طلبی کے خلاف درخواست پر اعتراض لگادیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر آڈیو لیک کے معاملے پر طلب کیے جانے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور ان کی درخواست میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان کی درخواست پر ہائیکورٹ کےجسٹس اسجدجاوید گھرال آج بطور اعتراض درخواست کی سماعت کریں گے۔
عمران خان کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے سائفر کے معاملے پر انکوائری شروع کر رکھی ہے جس میں بیان قلمبند کرانے کے لیے 6 دسمبر کو طلب کیا گیا ہے، سائفر انکوائری کو وہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں چیلنج کرچکے ہیں، طلبی نوٹس میں کسی قانون کی پاسداری نہیں کی گئی، استدعا ہےکہ انکوائری کالعدم قرار دی جائے۔