کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی فٹبال کے رنگ میں رنگ گئے اور فٹبال ورلڈکپ کا میچ دیکھنے لیاری پہنچ گئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ برازیل کا میچ دیکھنے رات گئے لیاری پہنچے اور برازیل کی ساؤتھ کوریا کے خلاف فتح پر خاصے پرجوش دکھائی دیے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے جہاں دونوں شخصیات نے برازیل کا میچ نوجوانوں کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر دیکھا۔
لیاری میں بڑی اسکرین پر میچ دیکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ لیاری کے عثمان فٹبال گراؤنڈ پر برازیل کے میچ میں فیسٹیول کا سماں ہوتا ہے۔
بڑی اسکرین پر برازیل کا میچ دیکھنے کیلئے لیاری میں جوش و خروش عروج پر رہتا ہے، ایک اندازےکے مطابق ساڑھے 7سے 8 ہزار کا مجمع برازیل کا میچ دیکھنے جمع ہوتے ہیں ، برازیل کا میچ دیکھنے کیلئے لیاری کے علاوہ دور دراز کے لوگ بھی جمع ہوتے ہیں۔
میچ دیکھنے آئے لوگ اپنے اپنے گھروں سے کھانے پینے کے ساتھ چادر ، دریاں اور تکیے لاکر زمین پر بیٹھے میچ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔