لَو ہو یا ارینج، شادی ایک رِسک ہے: سجل علی

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ شادی چاہے پسند کی ہو یا والدین کی پسند کی، دونوں صورتوں میں یہ ایک بڑا رسک ہے۔

سجل علی نے اپنی برطانوی فلم’What’s Love Got To Do With It‘ کی نمائش کے لیےجدہ میں ہونے والے’ریڈ سی فلم فیسٹیول‘ میں شرکت کی جس میں ان کے ہمراہ پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ بھی تھیں۔

اس موقع پر انٹرویو کے دوران اداکارہ سے شادی کے بارے میں خیالات کا اظہار کرنے کو کہا گیا جس پر سجل نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر صرف محبت کی شادیوں کو زیادہ بہتر سمجھتی ہیں۔

سجل سے سوال پوچھا گیا کہ ’آپ کیا سمجھتی ہیں کہ شادی اپنی پسند سے کرنی چاہیے یا پھر ارینج یعنی گھر والوں کی مرضی سے تو جواب میں انہوں نے ہچکچاتے ہوئے قہقہہ لگایا۔

انہوں نے جواب دیا ’میرے لیے یہ طے کرنا قبل از وقت ہوگا کہ محبت کی شادیاں زیادہ بہتر ہوتی ہیں یا گھر والوں کی پسند سے کی جانے والی شادیاں زیادہ بہتر ہوتی ہیں، چاہے لو ہو یا ارینج، شادی ایک رسک ہے’۔

واضح رہے کہ فلم ’What’s Love Got To Do With It‘ جمائمہ کی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ محبت اور شادی کی کہانی سے اور پاکستان میں گھر والوں کی پسند سے شادی کرنے کی روایت سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے۔

اس فلم کو 27 جنوری 2023 کو برطانیہ کے سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا، اس کے علاوہ دنیا بھر میں اس فلم کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ سجل علی اور احد رضا میر کی علیحدگی کی تصدیق رواں برس مارچ میں معروف خاتون صحافی آمنہ عیسانی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کی تھی تاہم دونوں اداکاروں کی جانب سے اس پر تاحال کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں